
Qaul e Maula e Kayenaat

** تعلیمات امیر (Taleemat e Ameer r.a)
** باونواں حصہ (part-52)
لغت سروری ص۵۳۰ میں ہے کہ آپ قصبہ خیرواں سے ظہور فرمائیں گے ۔ معصومین کا فرمانا ہے کہ امام مہدیؑ کے ظہور کے متعلق کسی کا کوئی وقت معین کرنا فی الحقیقت اپنے آپ کو علم غیب میں خدا کا شریک قرار دینا ہے ۔ وہ مکہ میں بے خبر ظہور کریں گے ،ان کے سر پر زرد رنگ کا عمامہ ہوگا بدن پر رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی چادر اور پاؤں میں انہیں کی نعلین مبارک ہوگی۔ وہ اپنے سامنے چند بھیڑیں رکھیں گے، کوئی انھیں پہچان نہ سکے گا۔ اور اسی حالت میں یکہ وتنہا بغیر کسی رفیق کے کعبة اللہ میں آجائیں گے جس وقت عالم سیاہی شب کی چادر اوڑھ لے گا اور لوگ سو جائیں گے اس وقت ملائکہ صف بہ صف ان پر اتریں گے اورحضرت جبرئیلؑ ومیکائیلؑ انھیں نوید الہی سنائیں گے کہ ان کا حکم تمام دنیا پر جاری وساری ہے ۔
یہ بشارت پاتے ہی امام علیہ السلام شکرخدا بجا لائیںگے اور رکن حجر اسود اور مقام ابراہم کے درمیان کھڑے ہوکر بآواز بلند ندا دیں گے کہ اے وہ گروہ جومیرے مخصوصوں اور بزرگوں سے ہوا اور وہ لوگو! جن کی حق تعالی نے روئے زمین پرمیرے ظاہر ہونے سے پہلے میری مدد کے لئے جمع کیاہے ۔”آجاؤ۔“ یہ ندا حضرتؑ کی ان لوگوں تک خواہ وہ مشرق میں ہوں یا مغرب میں پہنچ جائے گی اور وہ لوگ یہ آواز سن کر چشم زدن میں حضرت کے پاس جمع ہو جائیںگے یہ لوگ ۳۱۳ ہوں گے ،اور نقیب امام کہلائیںگے۔ اسی وقت ایک نور زمین سے آسمان تک بلند ہوگا جو صفحہ دنیا میں ہر مومن کے گھر میں داخل ہوگا جس سے ان کی طبیعتیں مسرور ہو جائیںگی مگر مومنین کومعلوم نہ ہوگا کہ امام علیہ السلام کا ظہور ہوا ہے صبح امام علیہ السلام مع ان ۳۱۳، اشخاص کے جو رات کو ان کے پاس جمع ہوگئے تھے کعبہ میں کھڑے ہوںگے اور دیوار سے تکیہ لگا کر اپنا ہاتھ کھولیں گے جو حضرت موسیؑ کے ید بیضا کی مانند ہوگا اور کہیں گے کہ جوکوئی اس ہاتھ پر بیعت کرے گا وہ ایسا ہے گویا اس نے ”یداللہ “ پر بیعت کی۔ سب سے پہلے جبرئیلؑ شرف بیعت سے مشرف ہوںگے ۔
ان کے بعد ملائکہ بیعت کریں گے ۔ پھر مقدم الذکر نقباٴ (۳۱۳) بیعت سے مشرف ہوں گے اس ہلچل اور اژدھام میں مکہ میں تہلکہ مچ جائے گا اور لوگ حیرت زدہ ہو کر ہر سمت سے استفسار کریں گے کہ یہ کون شخص ہے، یہ تمام واقعات طلوع آفتاب سے پہلے سرانجام ہو جائیںگے پھر جب سورج چڑھے گا تو قرص آفتاب کے سامنے ایک منادی کرنے والا ظاہر ہوگا اور با آواز بلند کہے گا جس کو تمام ساکنان زمین وآسمان سنیں گے کہ ”اے گروہ خلائق یہ مہدی آل محمد ہیں ،ان کی بیعت کرو ،پھر ملائکہ اور (۳۱۳) آدمی تصدیق کریں گے اور دنیا کے ہرگوشہ سے جوق در جوق آپ کی زیارت کے لئے لوگ روانہ ہو جائیں گے ،اور عالم پرحجت قائم ہو جائے گی، اس کے بعد دس ہزار افراد بیعت کریںگے ۔اور کوئی یہودی اور نصرانی باقی نہ چھوڑا جائے گا ۔
صرف اللہ کا نام ہوگا اور امام مہدی کا کام ہوگا جو مخالفت کرے گا اس پر آسمان سے آگ برسے گی اور اسے جلاکر خاکستر کردے گی ۔“ (نور الابصار امام شبلنجی شافعی ۱۵۵ ،اعلام الوری ۲۶۴) ۔
📚 مخذ از کتاب چراغ خضر۔