IMAAM HUSAIN ALAIHIS SALAM par salam

حسین تم کو شہادت سلام کہتی ہے
درود پڑھ کے عبادت سلام کہتی ہے

تمہیں تجلّیِ وحدت سلام کہتی ہے
تمہارے رب کی جلالت سلام کہتی ہے

وقارِ کبریا تم پر درود بھیجے ہے
تمہیں تو شانِ رسالت سلام کہتی ہے

سلام کہتے ہیں تم کو انبیاء سارے
حبیبِ رب کی محبت سلام کہتی ہے

خلیلِ رب کا ذبیحِ خدا کا کہنا ہے
تمام نبیوں کی ہمّت سلام کہتی ہے

علی جلی کی امامت صلوة بھیجے ہے
بتولِ عذرا کی عفّت سلام کہتی ہے

تمہی ہو نورِ نظر آں جنابِ زہرا کے
تمہیں تو زہرا کی راحت سلام کہتی ہے

کریمِ بیتِ نبی ہیں مرے امامِ حسن
تمہیں حسن کی کرامت سلام کہتی ہے

جنابِ عابدِ بیمار سے یوں مہدی تک
تمام نور کی جلوت سلام کہتی ہے

تمہی جنابِ نبی اور علی کے نائب ہو
تمہیں کو اِن کی نیابت سلام کہتی ہے

اے وارثِ دستارِ نبی صلِ علیٰ ہو
نبی کی ارث و وراثت سلام کہتی ہے

جنابِ غوث معین اور قطبِ دین فرید
نظامِ دیں کی ولایت سلام کہتی ہے

تجھے ملا ہے خدا سے عجیب رعب و جلال
تمام ولیوں کی ہیبت سلام کہتی ہے

مرے حسین کی آنکھوں کا نور تم ہی ہو
تمہی کو غازی یہ الفت سلام کہتی ہے

درود پڑھتی ہے ہر شاخ باغِ عترت کی
تمہیں نبی کی قرابت سلام کہتی ہے

تجھی سے باغِ نبوت کو لالہ زاری ہے
تمہیں گلوں کی نزاکت سلام کہتی ہے

پڑھا قرآن تو مجھ پر یہ انکشاف ہوا
تمہیں قرآن کی آیت سلام کہتی ہے

قرارِ گنبدِ خضرہ سلام کہتا ہے
حرم سے کعبہ کی حرمت سلام کہتی ہے

تمہیں وقارِ مدینہ سلام بھیجے ہے
نبی کی جائے سکونت سلام کہتی ہے

چراغِ مسجد و منبر درود پڑھتے ہیں
یہ خانقاہوں کی نسبت سلام کہتی ہے

اذان شکریہ کہتی تمہارے اکبر کو
سپاس کہہ کے اقامت سلام کہتی ہے

وہ دشتِ کرب و بلا میں تری نماز حسین
تمہیں نماز کی عظمت سلام کہتی ہے

تمہارے عزم کا ربِ جلی ثنا گو ہے
تجھی کو جلِّ جلالت سلام کہتی ہے

تمہارے صدقے میں میں نے وجود پایا ہے
پکار کے یہی جنّت سلام کہتی ہے

تمہی ہو جس نے شہادت کا پاس رکھا ہے
شہید تم کو شہادت سلام کہتی ہے

رضائے رب کو تو تم نے ایسا پایا ہے
تمہی کو رب کی رضایت سلام کہتی ہے

یہ ماہ و انجم و نیّر پڑھیں ہیں صلِ علیٰ
تمہیں خدا کی یہ خلقت سلام کہتی ہے

روانہ کیجیے اپنے پیارے مہدی کو
حسینیوں کی ضرورت سلام کہتی ہے

نہ کی یزید کی بیعت اور آبرو رکھ لی
تمہیں تو عظمتِ بیعت سلام کہتی ہے

ترے وخود سے آباد ہے یہ کرب و بلا
اسی زمین کی قسمت سلام کہتی ہے

خدا کے جاں نثاروں میں سب سے اعلیٰ مقام
تمہیں بلندی و رفعت سلام کہتی ہے

تمہارے خون نے دی ہے نبی کے دیں کو جلا
نبی کے دین کی عظمت سلام کہتی ہے

تمہیں تلاوت و تسبیح اور رکوع و سجود
خدا کی ساری عبادت سلام کہتی ہے

نکالا حر کو جہنم سے دے دیا جنت
اِسی عطا پہ تو قدرت سلام کہتی ہے

حسین تم کو نبی سے ہے شرفِ منّی ملا
تمہیں رسول کی رغبت سلام کہتی ہے

بچا لیا ہے تم نے بنائے لا الہ کو
تمہیں تو کلمہ کی حشمت سلام کہتی ہے

لٹا دیا تو نے گھر کو خدا کی مرضی پر
نثار ہو کے سخاوت سلام کہتی ہے

دیا ہے تم نے شہامت کو ایک روپ نیا
سپاس کہہ کے شجاعت سلام کہتی ہے

نسب تمہارا جہاں میں شریف تر ہے حسین
ہر اک نسب کی شرافت سلام کہتی ہے

تمہارے وصف میں ہے آیتِ طہارت بھی
تمہیں طہارت و عصمت سلام کہتی ہے

تمہارے حسن کی رونق پہ ہی ہو کے نثار
جہان بھر کی ملاحت سلام کہتی ہے

تمہی ہو سارے شہیدوں کی سربراہی کو
تمہیں تو ساری قیادت سلام کہتی ہے

ہے جس کا پاک لہو بس وہی سلام کہے
حلال خون کی غیرت سلام کہتی ہے

ہر ایک صاحبِ ایمان کا یہ کہنا ہے
ہمارے کلمہ کی شوکت سلام کہتی ہے

حسین تم سے مشامِ جاں کی یہ خوشبو ہے
مشامِ جاں کی یہ فرحت سلام کہتی ہے

تمہارے چہرۂ دلکش کے دید کی خاطر
مری نگاہوں کی حسرت سلام کہتی ہے

یہ دل کی دھڑکنیں تم کو ہی یاد کرتی ہے
غمِ تلاش و فرقت سلام کہتی ہے

بقائے دین کے خاطر جو تم نے ہجرت کی
تمہیں نبی کی بھی ہجرت سلام کہتی ہے

مجھے زیارتِ روضے کا جلد مژدہ ملے
مرے مزاج کی عجلت سلام کہتی ہے

دیا ہے مجھ کو مرے پیر نے کمالِ سخن
مرے سخن کی لطافت سلام کہتی ہے

مرے نصیب میں آیا سلام کا لکھنا
مرا نصیب و سعادت سلام کہتی ہے

قبول کیجیے آقا سلامِ فن میرا
تمام مصروں کی رنگت سلام کہتی ہے

قبول ہو مرے مولا سلامِ نسبت یہ
ہزار ڈھنگ سے الفت سلام کہتی ہے

اثر ہوا شہِ وارث کے کرم کا ایسا
کہ میری جان و عقیدت سلام کہتی ہے

فقط اثر تو اکیلا نہیں سلامی کو
تمام نبیوں کی اُمَّت سلام کہتی ہے

Advertisement

Leave a Reply

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

You are commenting using your WordPress.com account. Log Out /  Change )

Facebook photo

You are commenting using your Facebook account. Log Out /  Change )

Connecting to %s